کیا تم جانتے ہو۔۔۔؟؟
اے گنگھریالے بالوں والے حسین مرد
کیا تمہیں خبر ہے ؟؟
تم اتنے خوبصورت ہو کہ
مٹیاریں تمہاری
زلفوں کی گنجل میں الجھ الجھ جاتی ہیں
تمہاری گال میں گڑھے کو دیکھ کر
ان کا دل ڈوبتا ہے،
کمر کچے راستوں میں چلتے لچک جاتی ہے
تمہارا انداز پرندوں کو بولنا
اور کوئل کو
گیت گانا سکھاتا ہے
تمہارا چلنا گویا
گستاخ ہواؤں کو ادب و آداب سے باور کرانا ہے
کیا تم باخبر ہو کہ
ان ہواؤں کو گستاخ کس نے کیا؟؟
اے حسین آنکھوں والے
گلاب لبوں والے مرد
ایک سانولی تمہارے
عشق میں پور پور ڈوب چکی ہے
تمہیں اپنے تصور میں لا کر
تمہارے الجھے بالوں کو
سلجھاتی ہے
پیار کے نت نئے سبق پڑھاتی ہے
کیا تمہیں خبر ہے؟؟
کیا تمہیں پتا ہے کہ
وہ آنگن میں کھڑی تمہاری منتظر ہوتی ہے کہ
پھولوں کو تم سے ملوا سکے۔۔!!
وہ در کبھی بند نہیں کرتی
کہ بند کواڑ دیکھ کر تم واپس نہ لوٹ جاؤ
سورج مکھی کے پھولوں میں چھپی
وہ چپکے چپکے تمہیں ہی دیکھتی ہے،
تمہیں تکتی ہے۔۔!!
کیا تمہیں معلوم ہے؟؟
صدف شاہد
Pingback: Thandi Hawaon Mein Khud Ki Daryaft - Urdu Caravan